سری نگر ،30جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیر کے بیشتر حصوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران کہیں موسلادھار تو کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ بارش کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے ، جس کی وجہ سے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ ایک پولیس عہدیدار کے مطابق سری نگر -جموں شاہراہ پر کئی ایک مقامات بالخصوص ضلع رام بن میں مٹی کے بھاری تودے گر آئے ہیں، جس کے پیش نظر ہم نے اس پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڈس آرگنائزیشن نے اس شاہراہ کو آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے اپنی مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگادیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی کے تودوں کا ملبہ ہٹانے کے ساتھ ہی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی جائے گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون سے موسم میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارش سے کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں بہنے والی ندیوں اور نالوں بالخصوص ویشو نالہ اور لدر نالہ میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ کے بعد انتظامیہ نے ان ندی نالوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو الرٹ رہنے کے لئے کہا ہے۔